پاکستان میں کورونا وائرس کے مجموعی مریضوں میں سے 95 فیصد صحتیاب

پاکستان میں کورونا وائرس کی مجموعی صورتحال اگرچہ بہتر ہے تاہم گزشتہ چند روز سے ملک کے مختلف حصوں میں کیسز میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کے بعد سندھ، پنجاب، اسلام آباد، آزاد کشمیر میں کچھ مقامات پر دوبارہ اسمارٹ لاک ڈاؤن بھی نافذ کردیا گیا ہے۔سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 21 ہزار 877 ہے جس میں سے 3 لاکھ 5 ہزار 835 صحتیاب ہوئے ہیں جو 95 فیصد ہے جبکہ 6 ہزار 621 کا انتقال ہوا ہے۔آج 16 اکتوبر کو ملک میں کورونا وائرس کے مزید 407 مریضوں اور 5 اموات کی تصدیق ہوئی جبکہ 440 افراد شفایاب بھی ہوگئے۔ان مجموعی کیسز میں بلوچستان کے 22 اور خیبرپختونخوا کے 57 کیسز اور ایک موت گزشتہ روز کے تھے جو آج رپورٹ ہوئے، جس کے بعد بلوچستان میں کیسز کی مجموعی تعداد 15 ہزار 621 اور خیبرپختونخوا میں 38 ہزار 521 ہوگئی۔اگر اس وائرس کی بات کریں تو اس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد یہ پورے ملک میں پھیل گیا۔ابتدا میں اس وائرس کے کیسز کی تعداد کم تھی تاہم بعد ازاں اس میں اضافہ ہونا شروع ہوا اور مئی اور جون میں کافی کیسز رپورٹ ہوئے۔جون میں تو صورتحال یہاں تک پہنچ گئی تھی کہ یومیہ 6 ہزار سے زائد کیسز اور 100 سے زائد اموات رپورٹ ہونے لگی تھیں، مزید یہ کہ ہسپتالوں پر دباؤ بڑھنے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں تھیں۔تاہم جولائی میں وائرس کے کیسز میں کمی آنے کا سلسلہ شروع ہوا جو اگست میں کچھ بہتر ہوا اور پھر ستمبر میں اس میں مزید بہتری دیکھی جارہی ہے۔اسی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ملک میں 6 ماہ سے بند تعلیمی اداروں کو بھی 15 ستمبر سے مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تاہم گزشتہ کچھ روز سے کیسز میں اضافہ رپورٹ ہوا ہے جس کے بعد مختلف صوبوں و علاقوں کے کچھ مقامات پر اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔آج 19 اکتوبر کو ملک میں صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

پنجاب

ملک میں آبادی کے حساب سے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 130 مریضوں اور 2 اموات کی تصدیق ہوئی۔سرکاری پورٹل کے مطابق صوبے میں ان نئے مریضوں کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد ایک لاکھ ایک ہزار 367 ہوگئی۔اس کے علاوہ2 افراد کے انتقال کرجانے سے وہاں کورونا وائرس سے مجموعی اموات کی تعداد 2 ہزار 279 تک جاپہنچی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس مزید 100افراد کو متاثر کیا جبکہ 2 کا انتقال ہوا۔ان نئے مریضوں کے بعد وفاقی دارالحکومت میں کیسز کی مجموعی تعداد 17 ہزار 781 تک پہنچ گئی۔مزید یہ 2 افراد کے وفات پاجانے سے اموات کی مجموعی تعداد 193 تک جاپہنچی۔

گلگت بلتستان

ملک کے کم متاثرہ علاقوں میں سے ایک گلگت بلتستان میں کورونا کی عالمی وبا کے 34 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی۔سرکاری پورٹل کے مطابق ان 34 نئے مریضوں نے کیسز کی مجموعی تعداد کو 4 ہزار 16 تک پہنچا دیا۔

آزاد کشمیر

پاکستان کے سب سے کم متاثر حصے آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے 64 نئے مریض سامنے آئے۔آزاد کشمیر میں ان نئے مریضوں کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 3 ہزار 322 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

ملک میں صحتیاب افراد کی تعداد میں بھی اضافہ دیکھا جارہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 440 مریض شفایاب ہوگئے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مزید 396 مریضوں کے صحتیاب ہونے کے بعد مجموعی تعداد 3 لاکھ 5 ہزار 835 تک پہنچ گئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 321877

اموات: 6621

صحتیاب: 305835

فعال کیسز: 9421

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 41 ہزار 249 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ ایک ہزار 367 تک پہنچ چکی ہے۔صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 38 ہزار 521 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 15 ہزار 621 ہے۔علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 17 ہزار 781، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 16 اور آزاد کشمیر میں 3 ہزار 322 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 2568

پنجاب: 2279

خیبرپختونخوا: 1265

بلوچستان: 146

اسلام آباد: 193

گلگت بلتستان: 90

آزاد کشمیر: 80

اپنا تبصرہ بھیجیں