‘سڑکوں پر جانوروں کو ذبح کرنے کی اجازت نہیں ہوگی’

کراچی: شہری انتظامیہ نے عید الاضحیٰ پر سڑکوں پر جانوروں کی قربانی کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کرلیا۔انتظامیہ کا کہنا تھا کہ صرف سندھ حکومت کی جانب سے مختص کیے گئے ذبیحہ پوائنٹس پر ہی اس کی اجازت دی جائے گی تاکہ صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جاسکے اور عید الاضحی کے موقع پر آلائشیں ہٹانے کا کام آسانی سے انجام دیا جاسکے۔ یہ فیصلہ کمشنر افتخار شلوانی کی زیرصدارت ایک اجلاس میں کیا گیا۔کمشنر نے ڈپٹی کمشنرز سے کہا کہ وہ حکومت سندھ کے احکامات پر عمل درآمد کرائیں اور کسی کو بھی گلیوں اور سڑکوں پر جانوروں کی قربانی کرنے کی اجازت نہ دیں۔اجلاس میں سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز اور کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے آلائشیں اٹھانے کے لیے تیار کردہ ہنگامی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔فیصلہ کیا گیا کہ ہنگامی منصوبوں پر متعلقہ ڈی سیز سے ان کے دفاتر میں مزید تبادلہ خیال کیا جائے گا اور عہدیداروں اور ڈی سی کے مشترکہ اجلاسوں کے بعد اسے حتمی شکل دی جائے گی۔یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ صی سیز عید الاضحٰی کے موقع پر مون سون کی متوقع بارشوں سے نمٹنے کے لیے آلائشیں ہٹانے اور انتظامات کے کام کی نگرانی کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں