جنوبی کوریا کورونا کے خلاف جنگ کے لیے 8 لاکھ ڈالر کی امداد فراہم کرے گا

اسلام آباد: جنوبی کوریا کی حکومت کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں پاکستان کو 8 لاکھ ڈالر کی امداد فراہم کرے گی۔ جنوبی کوریا کے سفیر کواک سانگ جیو نے اقتصادی امور ڈویژن کے سکریٹری نور احمد کو بتایا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے اقدامات کی حمایت کرنے کے لیے عالمی اداری صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ذریعے نقد رقم اور سامان کی شکل میں کورین گرانٹ فراہم کی جائے گی۔کورین انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (کے او آئی سی اے)، کوریا آبی وسائل کارپوریشن (ک-واٹر) اور کے ای این کمپنی پہلے ہی مظفرآباد کے قریب پٹرند پاور پلانٹ چلا رہے ہیں۔سفیر نے کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے پاکستان کی کوششوں اور ٹڈی دل سے نمٹنے کے لیے اقدامات کی تعریف کی۔انہوں نے پاکستان کو کورونا کے خلاف لڑنے کے لیے 8 لاکھ ڈالر کی گرانٹ کی آفیشل پیغام بھی دیا۔سیکریٹری نور احمد نے سفیر کو کورونا کے مضر اثرات کو کم کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔سفیر نے امید ظاہر کی کہ گرانٹ کورونا وائرس کو موثر انداز میں روکنے اور پاکستان کے نگہداشت صحت کے شعبے کو ریلیف فراہم کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ دو طرفہ فریم ورک انتظامات کے تحت جنوبی کوریا کی حکومت صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، توانائی (شمسی) اور مواصلات (سڑکوں) جیسے مختلف شعبوں میں پاکستان کی حمایت جاری رکھے گی۔انہوں نے دوطرفہ اقتصادی تعاون کو مزید تقویت دینے اور وسعت دینے کے لیے کوریا کی حکومت کے مضبوط عزم کی تجدید کی۔سیکریٹری نور احمد نے پاکستان کی مسلسل حمایت پر جنوبی کوریا کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے حکومت پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں