کورونا وبا: پاکستان میں 713 نئے کیسز، صحتیاب افراد کی تعداد میں 2 ہزار 154 کا اضافہ

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال میں کچھ حد تک بہتری دیکھی جارہی ہے اور کیسز اور اموات میں گزشتہ اعداد و شمار کے مقابلے میں کچھ ٹھہراؤ سامنے آیا ہے۔ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 55 ہزار 769 ہوچکی ہے جبکہ 5 ہزار 386 افراد لقمہ اجل بنے ہیں۔آج (15 جولائی) کی صبح تک ملک میں کورونا وائرس کے 713 نئے کیسز 20 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ 2 ہزار 154 افراد شفایاب ہوگئے۔خیال رہے ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں گزشتہ کچھ روز سے کمی دیکھی گئی ہے جس کی ایک وجہ ٹیسٹنگ کی تعداد میں کمی کا ہونا بھی ہے۔گزشتہ برس کے آخر میں چین کے شہر ووہان سے شروع ہونے والا یہ وائرس فروری کے آخر میں پاکستان آیا اور 26 تاریخ کو ملک میں پہلا کیس رپورٹ ہوا۔جس کے بعد اس کی روک تھام کے لیے وفاقی و صوبائی حکومت کی سطح پر مختلف اقدامات اٹھائے گئے تاہم اس کے کیسز میں بتدریج اضافہ ہوا۔پہلے کیس سے لیکر کر 31 مارچ تک ملک میں 2 ہزار کے لگ بھگ کیسز اور 26 اموات رپورٹ ہوئیں جو اپریل کے ایک ماہ میں بڑھ کر 385 تک جاپہنچی جبکہ کیسز کی تعداد ساڑھے 16 ہزار سے بڑھ گئی۔اس کے بعد مئی میں صورتحال تبدیل ہونا شروع ہوئی اور ایک ماہ میں کیسز کی مجموعی تعداد بڑھ کر 71 ہزار اور اموات 1500 سے تجاوز کرگئیں تاہم جون میں کیسز کی تعداد میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوا اور یہ بڑھ کر 2 لاکھ 12 ہزار سے زائد ہوگئے جبکہ اموات بھی 4300 سے تجاوز کرگئیں۔جولائی کا مہینہ گزشتہ ماہ کے مقابلے کچھ بہتر ثابت ہورہا ہے اور 14 روز کے دوران 43 ہزار کے قریب کیسز اور تقریباً ایک ہزار اموات کا اضافہ ہوا۔آج 15 جولائی کو بھی مزید نئے کیسز اور اموات رپورٹ ہوئیں۔

پنجاب

ملک میں سب سے زیادہ آبادی والے صوبے پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 553 کیسز اور 17 اموات کا اضافہ دیکھا گیا۔سرکاری اعداد و شمار بتانے کے لیے قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں 553 نئے مریضوں کے بعد مجموعی کیسز 88 ہزار 45 تک پہنچ گئی۔اس کے علاوہ مزید 17 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جس سے مجموعی اموات کی تعداد 2 ہزار 43 تک جا پہنچی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مزید 113 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوگئے۔اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 113 مریض ایسے تھے جن کے کورونا کے نتائج مثبت آئے، یوں مجموعی کیسز کی تعداد 14 ہزار 315 ہوگئی۔

گلگت بلتستان

کورونا وائرس سے ملک میں دوسرے سب سے کم متاثر علاقے گلگت بلتستان میں مزید 14 افراد متاثر ہوئے جبکہ 2 افراد جان کی بازی ہار گئے۔سرکاری پورٹل کے مطابق مزید 14 افراد کے متاثر ہونے سے مجموعی کیسز کی تعداد ایک ہزار 708 تک پہنچ گئی۔اس کے علاوہ 2 افراد گزشتہ 24 گھنٹوں میں انتقال بھی کرگئے اور اس طرح مجموعی اموات 38 تک جاپہنچیں۔

آزاد کشمیر

ملک میں کورونا وائرس سے اب تک سب سے کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں مزید 33 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ ایک فرد کا انتقال بھی ہوا۔اعداد و شمار کے مطابق ان 33 افراد کے متاثر ہونے سے مجموعی کیسز کی تعداد ایک ہزار 688 ہوگئی۔مزید برآں ایک اور فرد کے انتقال کرجانے سے اب تک وہاں مجموعی اموات کی تعداد 46 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں کمی کے ساتھ ہی صحتیاب افراد کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے اور یومیہ ہزاروں افراد شفایاب ہورہے ہیں۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 2 ہزار 154 مریض ایسے تھے جو مکمل صحتیاب ہوگئے۔اس طرح ملک میں مجموعی طور پر شفایاب ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 72 ہزار 810 تک ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز255769

اموات5386

صحتیاب172810

فعال کیسز77573

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز ایک لاکھ 7 ہزار 773 ہیں تو وہیں پنجاب میں یہ تعداد 88 ہزار 45 تک کیسز پہنچ چکی ہے۔صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 31 ہزار 1 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 11 ہزار 239 ہے۔علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 14 ہزار 315 ، گلگت بلتستان میں 1708 اور آزاد کشمیر 1688 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب:2043

سندھ: 1863

خیبرپختونخوا: 1114

بلوچستان: 127

اسلام آباد: 155

آزاد کشمیر: 46

گلگت بلتستان: 38

اپنا تبصرہ بھیجیں