کورونا وبا: پاکستان میں ایک روز میں مزید 69 اموات، سندھ سب سے زیادہ متاثر صوبہ

پاکستان میں کورونا وائرس کی وبا تشویشناک صورتحال اختیار کر رہی ہے اور گزشتہ روز ملک میں ہلاکت خیز دن ثابت ہونے کے بعد آج مزید کیسز اور اموات سامنے آگئیں۔ملک میں ان نئے کیسز و اموات کے بعد اب تک کی مجموعی کیسز کی تعداد 67 ہزار 704 ہے جبکہ 1433 اموات ہوچکی ہیں۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آج ابھی تک 2488 نئے کیسز اور 69 اموات کا اضافہ ہوا۔خیال رہے کہ گزشتہ روز ملک میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کے حساب سے بدترین دن ثابت ہوا اور ایک روز میں 81 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔یہ ملک میں 3 ماہ کے عرصے میں ہونے والی اموات میں ایک روز کی سب سے بڑی تعداد ہے۔یاد رہے کہ ملک میں 26 فروری 2020 کو کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا جبکہ اس وبا سے ملک میں پہلی موت 18 مارچ کو رپورٹ ہوئی تھی۔اس وائرس کے آغاز سے لے کر اب تک یہ مختلف انداز میں پھیلا اور ابتدا میں اس کا پھیلاؤ کم تھا اور درجنوں کی تعداد میں کیسز رپورٹ ہوتے تھے جو بڑھ کر پہلے سیکڑوں ہوئے اور اب ہزاروں تک پہنچ گئے ہیں۔ڈان نیوز ٹی وی کے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق 26 فروری سے 31 مارچ تک پاکستان میں لگ بھگ 2 ہزار کیسز اور 26 اموات تھیں۔جو اپریل میں بڑھ کر مہینے کے آخر تک 385 تک پہنچ گئیں جبکہ کیسز کی تعداد ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئی۔تاہم مئی کے 29 روز میں کیسز میں بہت تیزی سے اضافہ ہوا اور 48 ہزار سے زائد نئے کیسز اور 979 اموات رپورٹ ہوئیں۔آج (30 مئی) کو بھی ملک میں کورونا وبا کے نئے کیسز اور اموات سامنے آئیں۔تاہم صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی بڑا اضافہ ہوا۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس سے مزید 1247 افراد متاثر جبکہ ایک روز کی سب سے زیادہ 38 اموات سامنے آگئیں۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 ہزار 481 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 1247 کے نتائج مثبت آئے۔ان نئے کیسز کے بعد صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 27 ہزار 360 ہوگئی۔انہوں نے بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 38 اموات بھی ہوئیں اور کورونا کے باعث اموات بڑھنے پر دل افسردہ ہے۔مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ روز ایک دن میں 31 اموات سامنے آئی تھیں۔ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ آج ہونے والی 38 اموات کے بعد مجموعی تعداد 465 تک پہنچ گئی ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں بھی کورونا وائرس کے مزید 1140 نئے کیسز اور 29 اموات سامنے آگئیں۔ڈائریکٹریٹ جنرل ہیلتھ سروسز پنجاب کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں مزید 1140 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی تعداد 24 ہزار 104 ہوگئی۔انہوں نے بتایا کہ صوبے میں مزید 29 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 439 تک پہنچ گئی۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں کورونا وبا کے مزید 92 نئے کیسز اور ایک موت کی تصدیق ہوئی۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آنے والے ان نئے کیسز کے بعد وہاں متاثرین کی مجموعی تعداد 2100 سے بڑھ کر 2192 ہوگئی۔اس کے علاوہ ایک اور شخص کے انتقال کے بعد اموات 22 سے بڑھ کر 23 ہوگئیں۔

گلگت بلتستان

ادھر گلگت بلتستان میں اس عالمی وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 660 تک پہنچ گئی۔اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں مزید 2 افراد کو وائرس نے متاثر کیا۔اب تک وہاں ہونے والی اموات کی تعداد 9 ہے۔

آزاد کشمیر

اسی طرح آزاد کشمیر جو ملک کے دیگر حصوں کے مقابلے میں سب سے کم متاثر ہوا ہے وہاں بھی 7 نئے کیسز اور ہلاکت رپورٹ ہوئی۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان 7 نئے کیسز کے بعد اب تک وہاں متاثرین کی تعداد 227 سے بڑھ کر 234 ہوگئی۔اس کے علاوہ ایک فرد کی موت کے بعد اموات 5 سے بڑھ کر 6 ہوگئیں۔

صحتیاب افراد

دریں اثنا وائرس سے تیزی سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ سامنے آیا۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 1826 افراد کورونا وائرس سے صحتیاب ہوگئے۔اس نئی تعداد کے بعد ملک میں اب تک صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 22 ہزار 305 سے بڑھ کر 24 ہزار 131 ہوگئی ہے۔  

مجموعی صورتحال

ملک میں ان تمام کیسز، اموات اور صحتیاب ہونے والوں کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے۔

مصدقہ کیسز: 67704

اموات: 1433

صحتیاب 24131

فعال کیسز: 42140

اس وقت سب سے زیادہ صوبہ سندھ متاثر ہے اور وہاں کیسز 27 ہزار 360 ہیں، جس کے بعد پنجاب کی تعداد ہے اور وہاں 24 ہزار 104 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔خیبرپختونخوا میں اس وبا سے 9 ہزار 67 لوگ متاثر ہوئے ہیں وہیں بلوچستان میں یہ تعداد 4 ہزار 87 ہے۔اسلام آباد میں 2192، گلگت بلتستان میں 660 اور آزاد کشمیر میں 234 لوگوں کو یہ وبا اپنا شکار بنا چکی ہے۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے۔

سندھ: 465

خیبرپختونخوا: 445

پنجاب: 439

بلوچستان: 46

اسلام آباد: 23

گلگت بلتستان: 09

آزاد کشمیر: 06

اپنا تبصرہ بھیجیں