نوجوان شادی کی تقریب میں بن بلایا مہمان بن کر کھانا کھانے گھس گیا

ممبئی -کبھی کبھار فلموں میں پیش آنے والے دلچسپ واقعات عام زندگی کا حصہ بھی بن جاتے ہیں اور ایسا ہی کچھ بھارتی شہر بھوپال میں بھی ہوا جہاں ایک نوجوان شادی کی تقریب میں بن بلایا مہمان بن گیا لیکن پکڑا گیا ،اس کے بعد جو کچھ اس کے ساتھ ہوا وہ جاننے کے بعد آپ کیلئے ہنسی روکنا مشکل ہو جائے گا۔تفصیلات کے مطابق ایم بی اے کا طالبعلم بھارتی شہر بھوپال میں ہونے والی ایک شادی کی بڑی تقریب میں بن بلایا مہمان بن کر شریک ہو گیا اور مہنگے کھانے سے لطف اندوز ہونے لگا لیکن اسے معلوم نہیں تھا کہ اسے پکڑے جانے پر کیا سزا مل سکتی ہے ، نوجوان لڑکے نے مزے سے کھانا کھایا لیکن جب میزبانوں کو علم ہوا کہ یہ نا تو لڑکی والوں کی طرف سے ہے او ر نہ ہی لڑکے والوں کی طرف سے ،تو انہوں نے اسے دھر لیا اور سوال و جواب میں علم ہوا کہ وہ صرف کھانا کھانے کیلئے تقریب میں گھس آیا تھا ۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتاہے کہ مفت میں کھانا نوجوان کو بہت مہنگا پڑا اور اس سے شادی میں استعمال ہونے والے سارے کے سارے برتن دھلوائے گئے ۔نوجوان کی شناخت سمراٹ کمار کے نام سے ہوئی ہے جو کہ جبل پور میں ایم بی اے فرسٹ ایئر کا طالبعلم ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں